04 Oct

Bill Clinton Ki Aik Kitab-بل کلنٹن کی ایک کتاب

”میری خواہش تھی کہ وائٹ ہا ؤس سے نکلنے کے بعد بھی لوگوں کی خدمت کروں۔انہیں ایسے موقعے فراہم کروں کہ وہ خوشیوں تک پہنچ سکیں۔ یہ سب کچھ اس لئے ضروری تھا کہ میرے ہم وطنوں نے مجھے ایک تاریخی مقام تک پہنچنے میں مدد دی تھی۔ ایک ایسا مقام جو ہر شخص کو نہیں ملتا۔ امریکہ کا صدر اور وہ بھی دو بار۔“
بل کلنٹن نے یہ باتیں اپنی ایک کتاب میں کہیں۔ کتا ب کا نام ہے ”دینا“یا Giving۔ کلنٹن کا کہنا ہے کہ”سیاست ایک ایساکا م ہے جس کا انحصار عام طور پر صرف لینے پر ہے۔ سیاست دان لوگوں سے مدد لیتے ہیں ٗ عطیا ت لیتے ہیں یا پھر ووٹ لیتے ہیں اوریہ عمل ایک بار نہیں بار بار دہرایا جا تا ہے۔ آپ خواہ کسی بھی منصب پر پہنچ جائیں ٗآپ لوگوں کو اتنا واپس نہیں کر تے جس قدر آپ ان سے وصول کر چکے ہو تے ہیں ………… میں سوچتا ہو ں کہ مجھے سارا حساب بے باق کر نا ہے۔ اس محبت کا قرض اتارنا ہے جو امریکی عوام نے مجھ سے کی۔ میں اپنے اہل خانہ کے علاوہ بہت سے لوگوں کے لئے بہت کچھ کر سکتا ہوں۔میں چاہتا ہوں کہ میں یہ سب کچھ کروں تاکہ دنیا بھر کے لوگ ایک خوشگوار زندگی سے ہمکنا ر ہوں۔“ یہ ساری باتیں کلنٹن نے اس کتاب کے تعارف میں کہی ہیں۔ اس کتا ب کو امریکی عوام کی طرف سے بہت پذیرائی ملی۔ اس میں موجزن درد مندی کی بناء پر کچھ لوگوں نے اس کتاب کو ایک ”ایک درد منددل کی پکار“کا نام بھی دیا۔سابق امریکی صدر کی اس کتاب کا حاصل یہ ہے کہ ہم سب اس دنیا کو تبدیل کرنے میں اپنا کردار کس طرح ادا کر سکتے ہیں۔سب سے پہلے تو اس نے ان کاوشوں کا تذکرہ کیا جو مختلف افراد اور اداروں نے اس ضمن میں کیں۔ ان تمام کاوشوں کا مقصد انسانی زندگی کا تحفظ اور دنیا کو خوبصورت بنا نے کے متعلق ہے۔ ان کہا نیوں کو بیا ن کرنے کے بعد بل کلنٹن یہ سوال پوچھتا ہے کہ ہم سب اس جدوجہد میں کس طرح شریک ہو سکتے ہیں۔ وہ اسی پر توقف نہیں کرتا بلکہ لوگوں کو اس امر پر آمادہ بھی کرتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ خدمتِ خلق کا کام صرف اس وقت نہیں ہوتا جب آپ کے پاس دولت یا کو ئی منصب ہی ہو۔آپ لوگوں کی خدمت کے لئے اپنی صلاحیت کسی بھی وقت استعمال کر سکتے ہیں۔ بھرپور زندگی کا کوئی ایک چھوٹا سا لمحہ! جب آپ خودکو بھول کر صرف دوسروں کے بارے میں سوچ رہے ہوں۔ بسااوقات یہ ایک لمحہ ٗ ایک طویل زندگی پر حاوی ہوتا ہے۔ شاید یہی وہ لمحہ ہے جس کے بارے میں کسی نے کہا:
میں ایک پل کے رنجِ فراواں میں کھو گیا
مرجھا گئے زمانے میرے انتظار میں
بل کلنٹن نے اس کتا ب میں اپنے ان تجربات کو بھی بیا ن کیا ہے جو خدمت خلق کے راستے پر چلتے ہو ئے اسے ہوئے۔ کس طرح لوگوں نے اس کے ساتھ تعاون کیا اور اپنی دولت ٗ اپنی صلاحیتیں اس کے نا م لکھ دیں۔ یہ دولت اصل میں اس کے نام نہیں بلکہ انسانیت کے نام لکھی گئی۔ اس نے بیسیوں ایسے افراد کا تذکر ہ کیا جنہوں نے اپنی زندگی دوسروں کو دے دی۔ اس لئے کہ ان کی اپنی خوشی کا راستہ بھی ادھر سے ہو کر گزرتا تھا۔ یہ ایسے ناقابل فراموش کردار ہیں جن پرانسانیت فخر کر سکتی ہے۔ کو ئی نوجوانی میں اور کوئی ادھیڑعمری میں اپنا سب کچھ چھوڑ کر ٹوٹے پھوٹے گلی کوچوں اورمتعفن بستیوں میں جا پہنچا۔ خیر کی بھیک مانگنے اور محبت تقسیم کرنے۔ یہ لوگ صرف امریکا یا یورپ میں ہی نہیں ساری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں۔ ایسے لوگوں کا تذکر ہ کرنے کے بعد وہ پڑھنے والوں کو میدانِ عمل کی راہ دکھاتا ہے۔ ان کے دل میں وہی کسک بیدار کرتا ہے جو ایک جستجو کا آغاز بنتی ہے اور پھر انتہائی مشکل راستے آسان ہونے لگتے ہیں۔
بعض لوگوں کی طرح کلنٹن کا خیال ہے کہ دکھ زندگی کا اہم ترین حصہ ہے لیکن وہ کہتا ہے کہ دکھ کی اس کیفیت کے خاتمہ کے لئے ہر عہد میں مہاتما بدھ بھی پیدا ہوتے ہیں۔ بادشاہت کو چھوڑکر گلی گلی خاک چھاننے والے۔ کپل دستو سے شروع ہو نے والا یہ سلسلہ ابھی تک قائم ہے۔بل کلنٹن نے اپنی کتاب میں جن لوگوں کا ذکر کیا ہے ان میں عام لوگ بھی شامل ہیں۔ کم مایہ ٗ گم نام اور معمولی سوجھ بوجھ والے۔ انھوں نے آسائشوں کو چھوڑ کر کا نٹوں پر چلنے کا ارادہ کیا۔ انہوں نے ان لوگوں کے بارے میں سوچا جن کے بار ے میں کو ئی نہیں سوچتا۔ یہ لوگ مہاتما بدھ کی روایت کی اگلی کڑی ہیں۔وہ روایت جو زندگی کو نیکی بناتی ہے۔ عہدحاضر میں اچھے لوگ بھی بستے ہیں۔ انھی گلی کوچوں میں۔ انھی شہروں اور دیہاتوں میں۔ وہ لوگ جن کے ہاتھوں پہ کسی کے لہو کے چھینٹے نہیں۔ بس محبت ہی محبت ہے۔بہت اچھے لوگ۔ ان میں سے کچھ اچھے لوگوں کو جاننا ہو تو آپ کو بل کلنٹن کی یہ کتاب پڑھنا ہو گی۔ یہ کتا ب آپ کو کسی نیکی کا پتہ بتا سکتی ہے۔حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے بھی تو یہی کہا تھا کہ یہ مت دیکھو کون کہہ رہا ہے‘ یہ دیکھو کیا کہہ رہا ہے۔